گورا قبرستان پشاور میں بل بورڈز کی تنصیب کا کام روک دیا گیا محکمہ آثار قدیمہ نے مسیحی برادری کی درخواست پر کنٹونمنٹ بورڈ انتظامیہ کو فوری بل بورڈز کی تنصیب روکنے کی ہدایت کی تھی اور اسے خلاف قانون قرار دیا تھا
محکمہ آثار قدیمہ خیبر پختونخوا کی جانب سے چیف ایگزیکٹو کنٹونمنٹ بورڈ پشاور کو ارسال کئے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ مسیح خدمت کمیٹی کی جانب سے تاریخی گورا قبرستان میں بل بورڈز کی تنصیب کی شکایت موصول ہوئی ہے جس کے بعد محکمہ آثار قدیمہ کی ٹیم نے گورا قبرستان کا دورہ کرتے ہوئے اپنی رپورٹ مرتب کرلی
بورڈز کی تنصیب خیبر پختونخوا انٹیکویٹیز ایکٹ 2016کے شق 33،44اور 56کی خلاف ورزی ہے لہٰذافوری طور پر بل بورڈ کی تنصیب روک دی جائے محکمہ آثار قدیمہ نے موقع پر بل بورڈ کی تنصیب کا کام روکتے ہوئے مزدوروں کو مقام خالی کرنے کی ہدایت کردی واضح رہے کہ پشاور کے تاریخی گورا قبرستان کو 1852میں قائم کیا گیا تھا اور اس میں 168سال قدیم قبریں بھی موجود ہیں جبکہ اس مقام کی اپنی تاریخ بھی 168سال سے زائد ہے