فنڈز کی تقسیم کا مسئلہ، ضلع سے تحصیل پر منتقلی کیلئے طریقہ کار مرتب کرنے کیلئے محکمے سر جوڑ کر بیٹھ گئے

 

تحصیل سطح پر فنڈز کی تقسیم کا طریقہ کار طے کرنے کیلئے انتظامی محکمے چکرا گئے اضلاع کی تقسیم سے اب تحصیل کی تقسیم کا کوئی طریقہ کار نہ ہونے کے باعث انتظامی محکموں کو شدید مشکلات درپیش ہیں جس کے باعث موجودہ اکائونٹ فور کو ہی استعمال میں لانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے ۔

محکمہ خزانہ ذرائع کے مطابق صوبائی فنانس کمیشن کے تحت فنڈز کی تقسیم کیلئے جو طریقہ کار طے کیا گیا ہے وہ اضلاع کی سطح پر ہے اور صوبائی حکومت کے پاس موجود اعشاریے غربت، ٹیکس اکٹھا کرنے اور انفراسٹکچر کی موجودہ صورتحال کے اعدادوشمار اضلاع کی سطح پر موجود ہیں اب انہیں تحصیل سطح پر مرتب کرنے میں مزید وقت درکار ہوگا اور اب تک اس حوالے سے کوئی پیش رفت نہیں کی گئی ہے

محکمہ خزانہ، محکمہ بلدیات اور اکائونٹنٹ جنرل حکام نے مشترکہ طور پر حل تلاش کرنے کی کوشش کی ہے تاہم اب تک کسی حتمی نتیجے پر نہیں پہنچ سکے ہیں اسی طرح ایک تجویز سامنے آئی ہے کہ اضلاع کو ترقیاتی فنڈز جاری کرنے کیلئے قائم اکائونٹ فور کو ہی تحصیل سطح پر فنڈز کی تقسیم کیلئے استعمال میں لایا جاسکتا ہے تاہم اس حوالے سے لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013کے ترمیمی مسودے کے سیکشن 30میں مزید ترمیم درکار ہوگی قانونی طور پر تحصیل سطح پر فنڈز کی تقسیم کا کوئی طریقہ کار ہی نہیں ہے جس کے باعث مسائل سامنے آرہے ہیں

اکائونٹنٹ جنرل ذرائع کے مطابق سفارش کی گئی ہے کہ تمام فریقین پر مشتمل ایک کمیٹی قائم کی جائے جو تحصیل حکومتوں کے فنڈز کے حوالے سے تمام مسائل کو یکجا کرتے ہوئے ان کے حل کیلئے اپنی سفارشات مرتب کرے صوبائی حکومت نے فی الوقت اکائونٹ فور کو ہی فنڈز اجراء کیلئے استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے

تاہم اس حوالے سے سٹیٹ بینک سے رابط کرکے انکی منظوری بھی لی جائیگی اگر سٹیٹ بینک راضی نہ ہوا تو کوئی اور حل تلاش کیاجائیگا محکمہ خزانہ نے تحصیل حکومتوں کو ملنے والے فنڈز کی وصولی اور اس کے استعمال کے طریقہ کار کیلئے ایک خصوصی کمیٹی بھی تشکیل دیدی ہے جس کی سربراہی ایڈیشنل سیکرٹری صوبائی فنانس کمیشن محکمہ خزانہ کرینگے کمیٹی میں ڈائریکٹر جنرل بلدیات، محکمہ بلدیات ،اکائونٹنٹ جنرل اور لوکل کونسل بورڈ کے نمائندے، ڈائریکٹر ٹریثری، ڈائریکٹر لوکل فنڈ آڈٹ، ڈائریکٹر فنانشل مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم اور غیر سرکاری تنظیم سب نیشنل گورننس پروگرام کا نمائندہ شامل کیا گیا ہے

کمیٹی تحصیل حکومتوں کیلئے فنڈ آپریشن سسٹم کا جائزہ لیں گے اور موجودہ ضلعی نظام کو تحصیل سطح پر کارآمد بنانے کیلئے لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں ترامیم تجویز کریگی اسی طرح فنڈز کے تقسیم کا طریقہ کار بھی موجودہ کمیٹی مرتب تجویز کریگی اور آئندہ ہفتے تک اس حوالے سے اپنی رپورٹ مرتب کریگی۔

You might also like
کمنٹ کریں

Your email address will not be published.