ابو ظہبی: ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سپر 12 مرحلے میں نمیبیا نے اسکاٹ لینڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
ابو ظہبی میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سپر 12 مرحلے کے 21ویں میچ میں نمیبیا اور اسکاٹ لینڈ آمنے سامنے آئے۔ نمیبیا کے کپتان گیرہارڈ ایراسمس نے ٹاس جیت کر حریف ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ اسکاٹ لینڈ کے بلے باز مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر صرف 109 رنز بنا سکے جو نمیبیا کے لیے حاصل کرنا زیادہ مشکل نہیں تھا۔
نمیبیا آخری اوور کی پہلی گیند تک ہدف حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی۔ نمیبیا کے جے جے اسمٹ 32 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ کریگ ولیمز نے 23، مچل وین لنگن نے 18 اور ڈیوڈ ویزے نے 16 رنز اسکور کیے۔
دوسری جانب اسکاٹ لینڈ کے مائیکل لیسک نے 44 رنز دے کر اسکور کو اچھا سہارا دیا تاہم وہ زیادہ دیر تک وکٹ کا دفاع کرنے میں کامیاب نہیں رہ سکے۔ کرس گریوز نے 32 گیندوں پر 25 رنز بنائے اور رن آؤٹ ہوگئے۔ نمیبیا کے روبین ٹروپل مین نے بولنگ کرتے ہوئے 3 وکٹیں لیں۔ جین فرائی لنک 2، جے جے اسمٹ اور ڈیوڈ ویزے نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل نمیبیا نے آئرلینڈ کو 8 رکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ اسکاٹ لینڈ نے عمان کو 8 وکٹوں سے ہرا دیا تھا۔ 2 نومبر کو نمیبیا کی ٹیم پاکستان سے میچ کھیلے گی جبکہ 7 نومبر کو پاکستان اور اسکاٹ لینڈ کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔