ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: دفاعی چیمپئن ویسٹ انڈیز کی پہلی کامیابی

شارجہ: ویسٹ انڈیز نے بنگلادیش کو دلچسپ مقابلے کے بعد 3 رنز سے شکست دی۔

شارجہ میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے تیسویں میچ میں ویسٹ انڈیز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹ کے نقصان پر 142 رنز بنائے۔

بنگلادیش کی جانب سے اننگز کا آغاز کرنے والے محمد نعیم 17 اور شکیب الحسن 9 رنز بناسکے البتہ لٹن داس نے 44 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، سومیا سرکار 17 اور مشفق الرحیم 8 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

بنگلادیش کو آخری گیند پر 4 رنز درکار تھے اور کپتان محمد اللہ 31 رنز پر ناٹ آؤٹ رہ کر بھی اپنی ٹیم کو جیت سے ہمکنار نہ کرواسکے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے روی رامپال، جیسن ہولڈر، آندرے رسل، عقیل حسین اور ڈیوائن براو نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل بنگلا دیش نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو ویسٹ انڈیز کی جانب سے اننگز کا آغاز کرس گیل اور ایون لیوس نے کیا تاہم دونوں اوپنرز خاص کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکے اور صرف 18 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔

ون ڈاؤن آنے والے روسٹون چیز نے بنگلادیشی بولرز کے آگے مزاحمت جاری رکھی اور 39 رنز بنائے جب کہ پوران نے جارحانہ انداز اپنایا اور 22 گیندوں پر 40 رنز بنائے۔

بنگلا دیشی بولرز کی زبردست بولنگ کے باعث دیگر کھلاڑیوں نے خاص کارکردگی کا مظاہرہ نہ کیا اور ویسٹ انڈیز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر صرف 142 رنز ہی بناسکی۔

You might also like
کمنٹ کریں

Your email address will not be published.