برطانیہ میں جاری کامن ویلتھ گیمزکے دوسرے دن بھی پاکستانی ایتھلیٹس کی مایوس کن کارکردگی کا سلسلہ جاری رہا۔
سوئمنگ کے 50 میٹر فری اسٹائل میں بسمہ کوالیفائی نہ کرسکیں، بیڈ منٹن ٹیم ایونٹ میں آسٹریلیا کے خلاف قومی ٹیم دو ایک سے برتری کے بعد تین دو سے ہارگئی، باکسنگ ہیوی ویٹ کیٹیگری میں نذیر اللہ شکست کھاگئے۔
کامن ویلتھ گیمز کے دوسرے دن بھی پاکستانی ایتھلیٹس کی کارکردگی مایوس کن رہی۔ سوئمنگ کے 50 میٹر فری اسٹائل میں بسمہ خان اگلے راؤنڈ تک نہ پہنچ سکیں، ہیٹس میں بسمہ نے فاصلہ 27.82 سیکنڈز میں طے کیا تاہم مجموعی ہیٹس میں وہ 58 میں سے 38 ویں نمبر پررہیں۔
بسمہ کوالیفائی کرنیوالی آخری پلیئر سے 1.80 سیکنڈز پیچھے رہیں۔
بیڈمنٹن ٹیم ایونٹ میں پاکستان کا مقابلہ آسٹریلیا سے تھا، مکسڈ ڈبلز میں مراد علی اور غزالہ ناکام رہیں جبکہ سنگلز ایونٹ میں پاکستان کی ماحور شہراد اور عرفان بھٹی نے کامیابی حاصل کی۔
ماحور نے ٹیفانی ہو کو شکست دی جبکہ عرفان بھٹی نے جیکب کےخلاف کامیابی حاصل کی۔
مینز ڈبلز میں مراد اور عرفان آسٹریلوی جوڑی سے ہارگئے اور ویمنز ڈبلز کے فیصلہ کن معرکے میں ماحور اور غزالہ بھی اچھی کارکردگی نہ دکھاسکیں اور دو صفر سے ہارگئیں۔
باکسنگ ہیوی ویٹ کیٹیگری میں پاکستان کے نذیراللہ خان انگلینڈ کے باکسر لوئیس ولیمز کے سامنے بے بس نظر آئے۔ نذیر اللہ نے حریف کو زیر کرنے کی کوششیں تو کیں مگر انگلش باکسر نے ان کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے 0-5 سے شکست دے کر ایونٹ سے باہر کر دیا۔