کامن ویلتھ گیمز : پاکستان کے ایتھلیٹس آج 5 مختلف کھیلوں میں ایکشن میں ہوں گے

کامن ویلتھ گیمز میں میڈلز کی اُمید ریسلر انعام بٹ آج ایکشن میں ہوں گے، وہ ریسلینگ کے 86 کلوگرام کیٹیگری کے مقابلوں میں نظر آئیں گے، ریسلر عنایت اللہ سے بھی میڈل کی اُمیدیں وابستہ ہیں جبکہ ایتھلیٹ شجر عباس 200 میٹر کی سیمی فائنل میں ایکشن میں ہوں گے۔

برمنگھم میں جاری کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کے ایتھلیٹس جمعے کو 5 مختلف کھیلوں میں ایکشن میں ہوں گے۔ ریسلنگ میں پاکستان کے 3 کھلاڑی اپنی قوت کا مظاہرہ کریں گے۔

2018 یوتھ اولمپکس کے برانز میڈلسٹ عنایت اللہ 65 کلو گرام ویٹ کیٹیگری میں اپنی پہلی باؤٹ مالٹا کے ریسلر ایڈم ویلا کے خلاف دن ڈھائی بجے کھیلیں گے۔

2010 اور 2018 میں کامن ویلتھ گیمز میں گولڈ میڈل جیتنے والے انعام بٹ اسکاٹ لینڈ کے کیرین میلون سے مقابلہ کریں گے، یہ مقابلہ لگ بھگ ساڑھے 3 بجے شروع ہوگا، 125 کلوگرام کی کیٹیگری میں زمان انور ماریشس کے ریسلر سے معرکہ آرا ہوں گے،ان کی باؤٹ ساڑھے 4 بجے تک شروع ہوسکتی ہے۔ جیت کی صورت میں ان کی دیگر باؤٹس بشمول میڈل باؤٹس آج ہی ہوں گی۔

اس کےعلاوہ ٹیبل ٹینس میں پاکستان کے فہد خواجہ راؤنڈ آف 32 میں انگلینڈ کے پال ڈرنکہل سے دن ساڑھے 4 بجے مقابلہ کریں گے جبکہ اسکواش میں طیب اسلم اور ناصر اقبال مینز ڈبلز میں اسکاٹ لینڈ کے پیئر سے پری کوارٹر فائنل کا میچ کھیلیں گے۔یہ میچ پونے 5 بجے شروع ہوگا۔

رات کے سیشن میں 11 بج کر 6 منٹ پر ایتھلیٹکس میں شاٹ پٹ کے فائنل میں پاکستان کے جمشید علی ایکشن میں ہوں گے جبکہ 11 بج کر 9 منٹ پر 200 میٹر کے سیمی فائنل میں شجر عباس اپنی پھرتی دکھائیں گے۔

دوسری جانب رات ساڑھے 11بجے بیڈمنٹن مینز ڈبلز میں عرفان اور مراد کی جوڑی بھارت کے چراغ شیٹی اور ساتوک رنکیریڈی سے پری کوارٹر فائنل میچ کھیلے گی۔

You might also like
کمنٹ کریں

Your email address will not be published.