ایشیا کپ: پاکستان نے افغانستان کو شکست دیکر فائنل کیلیے کوالیفائی کرلیا

شارجہ: ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں پاکستان نے دلچسپ مقابلے کے بعد افغانستان کو ایک وکٹ سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

130 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کے 9 کھلاڑی آؤٹ ہوگئے تھے اور آخری اوور میں قومی ٹیم کو جیت کے لیے 11 رنز درکار تھے، نسیم شاہ نے افغان بولر فضل الحق فاروقی کو دو گیندوں پر دو لگاتار چھکے لگا کر ٹیم کو فائنل میں پہنچایا۔

نا ممکن کو ممکن بنانے والی بلے باز نسیم شاہ نے روی شاستری کو انٹرویو میں بتایا کہ ان دو چھکوں کے مارنے پر لوگ بھول گئے کہ میں بولر بھی ہوں، مجھے یقین تھا کہ میں چھکے مار دوں گا اور چھکے مارنے کے لیے محمد حسنین کا بلا استعمال کیا۔

ایشیاء کپ 2022 کا فائنل پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 11 ستمبر اتوار کو کھیلا جائے گا۔

قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم صفر پر پویلین لوٹ گئے جبکہ فخر زمان 5 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔ وکٹ کیپر بلےباز محمد رضوان 20 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ افتخار احمد 30 رنز، شاداب خان 36 رنز، محمد نواز 4 رنز، خوشدل شاہ ایک رن، حارث رؤف صفر اور آصف علی 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان کو ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچنے اور نسیم شاہ کو شاندار پرفارمنس پر مبارکباد دی، صدر مملکت نے افغانستان کرکٹ ٹیم کی کارکردگی کو بھی سراہا۔

افغانستان کے اوپنرز نے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا تاہم 36 رنز پر پہلی وکٹ گرتے ہی افغان ٹیم دباؤ میں آگئی جس کے بعد وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں۔ ابراہیم زدران سب سے زیادہ 35 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

رحمان اللہ گربز 17، حضرت اللہ زازئی 21، کریم جنت 15، نجیب اللہ زدران 10 اور کپتان محمد نبی صفر پر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے دو جبکہ محمد حسنین، محمد نواز، شاداب خان اور نسیم شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ٹاس جیتنے والے قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کا کہنا تھا کہ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور کوشش ہوگی افغانستان کی ٹیم کو کم سے کم اسکور پر آوٹ کریں۔ افغان ٹیم کے کپتان محمد نبی کا کہنا تھا کہ بڑا اسکور کرنے کی کوشش کریں گے، افغانستان کی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئیں ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق افغان ٹیم کے لیگ اسپنر راشد خان قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو ٹی ٹوئنٹی میں پانچ مرتبہ آؤٹ کر چکے ہیں۔

سپر فور مرحلے میں افغان ٹیم کو اپنے پہلے میچ میں سری لنکا سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ پاکستان نے پہلے میچ میں بھارت کو پانچ وکٹوں سے شکست دی تھی۔

پاکستان

کپتان بابراعظم، وکٹ کیپر محمد رضوان، فخر زمان، افتخار احمد، نائب کپتان شاداب خان، خوشدل شاہ، آصف علی، محمد نواز، نسیم شاہ، حارث رؤف، محمد حسنین۔

افغانستان

کپتان محمد نبی، نائب کپتان نجیب اللہ زدران، عظمت اللہ عمر زئی، حضرت اللہ زازئی، ابراہیم زدران، کریم جنت، مجیب الرحمان، فرید احمد، رحمان اللہ گربز، راشد خان، فضل الحق فاروقی۔

You might also like
کمنٹ کریں

Your email address will not be published.