وادی چترال کی خوبصورت وادی بروغل کا تاریخی فیسٹیول چترال اپر میں آغاز ہو گیا ۔ ڈپٹی کمشنر چترال اپر شاہ سعود نے یاک پولو کے میچ سے فیسٹیول کا افتتاح کیا ۔ اس موقع پر محکمہ سیاحت خیبرپختونخوا ، پاک فوج ، چترال سکائوٹس ،ضلعی انتظامیہ چترال سمیت دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔
فیسٹیول میں یاک پولو، گدھا پولو،کرکٹ ، فٹبال ، بزکشی ، میراتھن ریس، رسہ کشی ، کشتی سمیت روایتی اور واخئی کھانوں کے سٹالزاور موسیقی کی محفل منعقد کی جائے گی ۔
حکومت کی جانب سے سیاحتی مقامات سے لاک ڈاون ہٹانے کے بعد سیاحتی سرگرمیوں کاآغاز کردیا گیا ہے ۔ سطح سمندر سے 12460 فٹ بلندی پر واقع بروغل نیشنل پارک میں منعقد ہونے والے فیسٹیول میں سیاحوں کیلئے ٹینٹ ویلیج کا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے تاکہ بروغل پہنچنے والے سیاح فیسٹیول سے محظوظ ہونے کیساتھ ساتھ ایڈونچر ٹورازم سے بھی لطف اندوز ہو سکے ۔وادی بروغل چترال شہر سے 250 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے ۔چترال کے سالانہ فیسٹیول اور تہواروں میں شامل بروغل فیسٹیول کو بہترین انداز میں منایا جارہا ہے ۔
ڈپٹی کمشنر چترال اپر شاہ سعود نے کہاکہ راستے تمام کھل چکے ہیں سیاح کثیر تعداد میں وادی بروغل پہنچ چکے ہیں ۔ فیسٹیول میں مختلف کھیلوں کے مقابلے منعقد کئے جارہے ہیں ۔ ہماری کوشش ہے کہ سیاحوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کیساتھ ساتھ بہترین تفریح بھی فراہم کریں ۔
محکمہ سیاحت خیبرپختونخوا اور ڈسٹرکٹ گورنمنٹ چترال اپر کے زیراہتمام وادی اپر چترال کی خوبصورت وادی بروغل میں شروع ہونے والے فیسٹیول کی اختتامی تقریب کل بروز پیرمنعقد ہو گی ۔