لوک میلے میں صوبائی ثقافت کی نمائندگی احسن اقدام ہے، شوکت یوسفزئی

صوبائی وزیر ثقافت و محنت شوکت یوسفزئی نے کہاکہ خیبرپختونخوا کی ثقافت زندہ ثقافت ہے۔ لوک میلے میں صوبہ خیبرپختونخوا کی نمائندگی سے نہ صرف صوبائی ثقافت کی رونمائی ہو گی بلکہ ساتھ ہی دیگر صوبوں کے ساتھ میل جول اور ان کی ثقافت کو دیکھنے کے مواقع بھی میسر ہونگے۔

ایس او پیز پر عمل درآمد کرتے ہوئے ایسی سرگرمیوں کا انعقاد اچھا اقدام ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لوک میلہ 2020 میں خیبرپختونخوا پویلین کے دورے کے موقع پر کیا۔

اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کیپٹن (ر) کامران احمد آفریدی، ڈائریکٹر خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی محمد شعیب خان،پی ٹی آئی رہنما زاہد ندیم، ڈی جی سندھ ٹورازم، لوک ورثہ عہدیداران انوار، محمد علی سید اور دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔

محکمہ کھیل، ثقافت، سیاحت، آثارقدیمہ،میوزیم اور امورنوجوانان خیبرپختونخوا کے زیرانتظام ادارہ خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کی جانب سے صوبہ کی ثقافت کے فروغ کیلئے لوک میلہ میں لگائے جانے والے کے پی پویلین میں گزشتہ روز موسیقی محفل کا بھی انعقاد ہوا جس میں نامور گلوکاروں نے اپنی لائیو پرفارمنس پیش کی۔ جن میں شاہد ملنگ، بختیار خٹک، مہتاب زیاب، افشاں زیبی،مشکان فیاض، خالد ملک اور دیگر شامل تھے۔

اس موقع پر صوبائی وزیر ثقافت و محنت شوکت یوسفزئی نے خیبرپختونخوا پویلین کا تفصیلی دورہ کیا اور تمام سٹال ہولڈرز سے ملاقات کی۔ وزیر ثقافت شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں ہنر مندوں کی کمی نہیں ہے۔

سوات، ڈیرہ اسماعیل خان، ہزارہ، چترال اور پشاور سمیت صوبہ بھر سے ہنر مند موجود ہیں جن کے ہنر کی ہم قدر کرتے ہیں۔ ایسے ثقافتی میلوں میں شرکت سے ان ہنر مندوں کی نہ صرف حوصلہ افزائی ہوتی ہے بلکہ یہاں ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کے دورے سے ان کے ہنر کی پہچان اور رونمائی دنیا بھر میں ممکن ہوتی ہے۔ لوک میلہ میں پاکستان کے تمام صوبوں کی شرکت خوش آئند اقدام ہے۔ ان سے تمام ہنرمندوں کو ایک دوسرے سے ملنے اور سیکھنے کے مواقع میسر ہوتے ہیں۔

ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کیپٹن (ر) کامران احمد آفریدی نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ خیبرپختونخوا حکومت کی ہدایات پرلوک میلہ کی سالانہ تقریبا ت میں صوبائی ثقافت کے فروغ کیلئے بھرپور انداز میں شرکت کی گئی ہے۔

خیبرپختونخواکلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی نے صوبہ کی ثقافت کے فروغ اورہنر مندوں کے ہنر کو اجاگر کرنے کیلئے کے پی پویلین سجایا ہے۔ جس میں ہنر مند اپنے ہنر کو بہترین انداز میں پیش کرنے کا موقع ملا ہے۔

خیبرپختونخوا پویلین میں صوبائی ثقافت کی رونمائی کیلئے 30 سے زائد سٹالز لگائے گئے ہیں جن میں ہینڈی کرافٹ، تنکے کا کام، پتھروں کی بنی اشیاء،ووڈن آرٹ، پشاوری چپل،کراکل،شال،خڈی کا کام، کپڑوں پر موم سے بنی اشیاء یعنی ویکس پینٹنگ،تابنے کا کام، مٹی سے بنی خوبصورت اشیاء، گلاس کاروینگ،آرٹی فیشل جیولری سٹون کاروینگ، سواتی شالز اور دیگر شامل ہیں۔میلے میں خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع ایبٹ آباد، ڈیرہ اسماعیل خان،پشاور، ہری پور، چترال اور دیگر شہروں سے ہنرمند شامل ہیں۔

میلے میں خیبرپختونخوا کلچرل نائٹ کے موقع پر گلوکاروں کی لائیو پرفارمنس اور روایتی رباب موسیقی کی پرفارمنس نے نوجوان کو جھومنے پر مجبور کردیا جبکہ کثیر تعداد میں آنے والی فیمیلزاور شہری بھی خوب محظوظ ہو ئے۔

You might also like
کمنٹ کریں

Your email address will not be published.