محکمہ سیاحت خیبر پختونخوا نے ٹورازم کارپوریشن کو فوری ختم کرنے کے عمل کو انتہائی پیچیدہ اور طویل کاغذی کارروائی پر مشتمل قرار دے دیا محکمہ نے کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی ایکٹ 2019میں 18ترامیم کا مسودہ تیار کرتے ہوئے سیاحتی بورڈ کا سیکرٹری ڈائریکٹر جنرل اتھارٹی کی بجائے سیکرٹری سیاحت کو مقرر کرنے کی سفارش کردی تمام خصوصی مقاصد کیلئے قائم ترقیاتی اتھارٹیز کے ڈائریکٹر جنرل کو بھی بورڈ کا رکن بنا دیا
اسی طرح ٹورازم کارپوریشن کے ملازمین کو تحفظ فرا ہم کرتے ہوئے اپنی ہی گریڈ اور تنخواہوں کے ساتھ اتھارٹی میں ضم کردیا جائیگا محکمہ ثقافت اور ڈائریکٹوریٹ آف ٹوراسٹ سروسزکے ملازمین کو اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کا اختیار سونپ دیا ملازمین کو اپنے ہی سکیل میں اتھارٹی میں ضم ہوسکے گے جبکہ ان کے پاس سرپلس پول میں جانے کا راستہ بھی موجود ہوگا۔
محکمہ سیاحت خیبر پختونخوا کی جانب سے تیار کئے گئے ترمیمی مسودے کے مطابق ٹورازم کارپوریشن کو ختم کرنے اور اتھارٹی کو مکمل طور پر فعال کرنے کیلئے دئے گئے ایک سال کے وقت کو ختم کردیا جائیگا اور کارپوریشن سے تمام اثاثوں کی منتقلی آہستہ آہستہ کی جائیگی محکمہ سیاحت کے مطابق ٹورازم کارپوریشن کو تحلیل کرنے سے متعلق بینک آف خیبر کی خدمات حاصل کرلی گئی ہیں
ٹورازم کارپوریشن کی تحلیل ایک پیچیدہ عمل ہے جس میں کاغذی کارروائی اور کئی تکنیکی زاویے موجود ہیں بینک آف خیبر کی خدمات حاصل تو کی گئی ہیں تاہم سکیورٹی ایکسچینج کمیشن کے لوازمات مکمل کرنے کیلئے کافی وقت درکار ہوگاترمیم کرتے ہوئے ٹورازم کارپوریشن کے اثاثوں کی مرحلہ وار منتقلی ٹورازم اتھارٹی کو کی جائے اور اتھارٹی کے مکمل ہونے کی مدت ختم کردی جائیگی
محکمہ سیاحت کے مطابق تمام اثاثوں کی اتھارٹی کو منتقلی اور کارپوریشن کو ختم کرنے سے متعلق اکتوبر 2020کا وقت دیا گیا تھا اسے ختم کرتے ہوئے مدت وضع نہ کرنے کی سفارش کی گئی ہے محکمہ کے مطابق اس اقدام سے یہ مدد ملے گی کہ ٹورازم کارپوریشن کے اثاثے آہستہ آہستہ اتھارٹی کو منتقل کردئے جائیں گے اور ہر دو ماہ بعد صوبائی کابینہ کو اس متعلق رپورٹ جمع کرائی جائیگی۔
محکمہ سیاحت نے پاکستان آسٹرین انسٹیٹیوٹ آف ٹورازم اینڈ ہوٹل مینجمنٹ(پیتھم)کے ملازمین کا معاملہ بھی پیچیدہ قرار دے دیا اور کہا ہے کہ مذکورہ ملازمین اپنی موجودہ ملازمت کی صورتحال سے متعلق محکمہ کے ساتھ پہلے ہی عدالتی جنگ لڑ رہے ہیں ان کے معاملہ کو درست انداز میں نہ نمٹایا گیا تو مسائل مزید بڑھ سکتے ہیں۔ترمیمی مسودے کے مطابق سیکرٹری سیاحت و ثقافت کو صوبائی سیاحتی حکمت علی بورڈ کا سیکرٹری مقرر کیا جائیگا اس وقت ڈائریکٹر جنرل ٹورازم اینڈ کلچر اتھارٹی بورڈ کا سیکرٹری ہے
اسی طرح بورڈ کو تمام انتظامی سپورٹ اور سیکرٹریٹ کی فراہمی بھی سیکرٹری سیاحت کی ذمہ داری ہوگی خصوصی مقاصد کیلئے قائم کی گئی ترقیاتی اتھارٹیزکالام، کمراٹ اور کالاش سمیت گلیات اور کاغان کے ڈائریکٹرجنرل کو بھی بورڈ کا رکن بنایا جائیگا۔
ترمیمی مسودے کے مطابق اتھارٹی میں تمام نئی بھرتیاں ٹیسٹنگ ایجنسی کی مدد سے کی جائیں گی اور انہیں کنٹریکٹ پر ہی اتھارٹی میں رکھا جائیگا۔